ڈاکٹر اللہ نذر کے آبائی گاؤں کو بلڈوز کرناجنگی جرائم میں شامل ہوتا ہے – بی ایل ایف

407

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے میجر گہرام بلوچ نے کہا کہ گذشتہ دنوں پاکستانی فوج اور اس کے ڈیتھ اسکواڈ نے مشکے میں میہی گاؤں پر دھاوا بول کر تمام گھروں کو بلڈوز کر دیا ہے۔

 ترجمان نے کہا یہ پہلی دفعہ نہیں ہے کہ یہاں اس طرح کی بربریت کی گئی ہے۔ اس سے پہلے بھی کئی دفعہ میہی گاؤں کو نشانہ بنا کر اسے تباہ کیا گیا ہے۔ جب لوگ اس گاؤں میں دوبارہ آباد ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو فوج اور اس کے پراکسی ڈیتھ اسکواڈز لشکر کشی کرکے گھروں کو جلاتے اور بلڈوز کرتے ہیں اس کی بڑی وجہ بلوچ قومی رہنما ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کا اس گاؤں سے تعلق ہونا ہے۔ اور میہی ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کا آبائی گاؤں ہے۔پاکستانی فوج بلوچ سرمچاروں کے ہاتھوں مسلسل ہزیمت اٹھا کر فرسٹریشن میں عام آبادیوں کو نشانہ بناتی ہے۔

میجر گہرام بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا بلیک آؤٹ اور انٹرنیٹ سروس 2017 سے معطل ہے۔ عالمی برادری کو چاہیئے کہ مقبوضہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں پر پاکستان کو جوابدہ ٹھہرائے اور قبضہ گیری کے خلاف بلوچ قومی جہد آزادی میں بلوچوں کی مدد کرے۔