پنجگور: حکومتی حمایت یافتہ گروہ کا صحافی اور سیاسی رہنماء کے گھروں پر حملہ

291

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں حکومتی حمایت یافتہ گھروں کے مسلح اہلکاروں نے بلوچ صحافی سمیت سیاسی رہنماء کے گھر پر حملہ کرکے خواتین کو زدوکوب کرنے سمیت گھر فائرنگ کرکے لوگوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بونستان کے مرکزی محلہ اور چونگی سر میں واقع تین مختلف گھروں میں مسلح افراد نے حملہ کیا، چادر اور چاردیواری کو پامال کرتے ہوئے مذکورہ افراد گھروں میں گھس گئے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے خواتین کو زدو کوب کیا اور گولیاں چلائیں جس سے اہل محلہ جمع ہوگئے، لوگوں کے اکھٹے ہونے اور مداخلت سے مسلح افراد لوگوں کو قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے واپس چلے گئے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کا تعلق حکومتی حمایت یافتہ گروہ سے ہیں جس کو ڈیتھ اسکواڈز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بونستان کے رہائشی شکیل عرف شکو ولد ڈاکٹر عبدالحمید مذکورہ علاقے میں ڈیتھ اسکواڈ کی سربراہی کررہا ہے جبکہ مذکورہ مسلح افراد نے اس کے سرپرستی میں گھروں پر حملہ کیا۔

جن گھروں پر مذکورہ گروہ نے حملہ کیا ان میں ایک گھر بلوچ نیشنل موومنٹ پنجگور کے سابق صدر ایوب اسرار کا ہے جب کہ دوسرے رحیم داد ولد دین محمد اور ان کے دیگر رشتہ داروں کے ہیں۔

رحیم داد ولد دین محمد ریڈیو زرمبش اردو سے وابستہ صحافی اور کالم نگار سفر خان کے والد ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق شکو اپنے گروہ کے ساتھ خون خرابے کی نیت سے آیا تھا لیکن اہل محلہ کی بروقت مداخلت سے اسے ناکام لوٹنا پڑا لیکن جاتے ہوئے انہوں نے مذکورہ خاندان کو دھمکی دی کہ وہ اس خاندان کے 20 افراد کو قتل کرے گا۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور سادہ زندگی بسر کرتے ہیں ہمیں ڈیتھ اسکواڈ کے ذریعے تنگ کرنا اور ہمارے لیے مشکلات پیدا کرنا ہمیں حق زندگی سے محروم کرنا ہے۔ ان گھروں میں رہنے والے لوگوں کا کسی بھی طرح کی ایسی کاروائی سے تعلق نہیں جس کی بناء پر ہمیں اس سلوک کا مستحق سمجھا گیا ہے۔

مذکورہ خاندان کے افراد نے شکیل ولد ڈاکٹر عبدالحمید کے خلاف علاقے کے تھانے میں ایف آئی آر درج کرواکر انتظامیہ سے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔