لورالائی اور پشین سے دو افراد کی لاشیں برآمد

327

بلوچستان کے ضلع لورالائی اور پشین سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ دونوں افراد کی لاشیں گمشدگی کے بعد برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیشن کے علاقہ خانوزئی میں گولیوں سے چھلنی ایک لاش برآمد ہوئی ہے، لاش کی شناخت داد محمد عرف داؤد کے نام سے ہوا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق 5 اور 6 جنوری کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے داد محمد اور اس کے بھائی خیال محمد کو گھر سے اغوا کیا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کے ساتھ ہاتا پائی کے دوران خیال محمد فرار ہونے میں کامیاب ہوا جبکہ بھائی داد محمد کو زخمی حالات میں اغواء کار اپنے ساتھ لے گئے اور خانوزئی کے پہاڑی علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق لاش کو انتظامیہ نے اپنے تحویل میں لے کر ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کیا اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی ہے۔

دریں اثناء ضلع لورالائی کے علاقے ملک سلیم باغ سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے، لاش کی شناخت دو روز قبل لاپتہ ہونے والے عبدالرزاق کے نام سے ہوا ہے جو پیشہ کے لحاظ سے سونار بتایا جاتا ہے۔

لواحقین کے مطابق مقتول دو دن قبل گھر سے نکلے تھے اور آخری مرتبہ فون پر رابطہ ہونے کے بعد وہ گھر نہیں پہنچ سکے تو لواحقین نے پولیس کی مدد سے تلاش شروع کردی اور پولیس نے لاش برآمد کرکے ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق مقتول کے جیب سے سونا بھی برآمد ہوئی ہے۔ لواحقین کے مطابق ان کا کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال کی دوسرے ہفتے کو بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اب تک چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جن میں سے ایک کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔