قلات: مٹی تلے دبنے والے افراد کی لاشیں 21 گھنٹے بعد نکال لی گئی

496
فائل فوٹو

ضلع قلات کے سب ڈویژن منگچر کے سب تحصیل جوہان میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدور کنویں میں پھنس گئے تھے مقامی افراد اور انتظامیہ نے ایک مزدور کی لاش کو 15 ا اور دوسرے کو 21 گھنٹوں کے کھدائی کے بعد نکال دیا۔

سب تحصیل جوہان کے علاقے گاجاڑی جوہان میں منگل کے روز کنویں کی صفائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدور محمد اشرف ولد حسین علی، غلام مصطفیٰ ولد فیض محمد اقوام مینگل سکنہ گاجاڑی جوہان دب گئے جن کی لاشیں 21 گھنٹے بعد نکالی گئی۔

ذرائع کے مطابق دنوں افراد ایک کنویں میں چالیس فٹ گہرائی میں کھدائی کرکے اس کی صفائی کررہے تھے کہ اچانک ایک جانب سے کنواں دھنس گیا اور دونوں افراد مٹی تلے دب گئے جس کی وجہ سے ایکسیویٹر کے ذریعے کھدائی کی گئی مگر گہرائی کی وجہ سے ایکسیویٹر مزید کام جاری نہیں رکھ سکی بعد میں مقامی افراد نے انتطامیہ کے ساتھ ملکر مسلسل کھدائی کے بعد ایک شخص کی لاش کو 15 گھنٹے بعد بدھ کی صبح چھ بجے جبکہ دوسرے شخص کی لاش کو دوپہر 12 بجے نکالنے میں کامیاب ہوئیں۔

بعدازاں نائب تحصیلدار جوہان حاجی عبدالغفار لہڑی کی موجودگی میں دونوں افراد کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

بلوچستان میں کنووں کی صفائی مقامی طور پر پرانی طریقے سے کی جاتی ہے جس کے باعث کئی افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ مقامی افراد کنووں کی صفائی قلیل مزدوری لیکر کرتے ہیں جبکہ ان کے پاس حفاظتی سہولیات موجود نہیں ہوتی ہے۔