بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں پاکستانی فورسز کی گاڑی کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شاہرگ شہر سے قریب شاہراہ کے ساتھ نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کی زد میں ایک گاڑی آئی ہے جس کے نتجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تاہم جانی نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔
دھماکے کے بعد فورسز کی مزید نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات میڈیا کو فراہم نہیں کی ہے۔
شاہرگ اور گردونواح میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔ ماضی میں مختلف نوعیت کے حملوں میں فورسز کو جانی اور مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔
گذشتہ سال کے اواخر میں ایک شدید نوعیت کے حملے میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹوں کو قبضے میں لیا تھا، حملے میں پاکستانی فورسز کے 9 اہلکار مارے گئے تھے جبکہ حملہ آوروں نے فورسز کا گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ حملے کے بعد علاقے میں پہنچنے والے فورسز کی نفری کو بھی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں کیپٹن سمیت چھ اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔