سانحہ مچھ: کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال، دھرنا جاری

336

سانحہ مچھ کیخلاف بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال جاری ہے جبکہ لواحقین اور ہزارہ برادری کی جانب سے پانچویں روز بھی احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے۔

ہڑتال کی کال اتحاد تاجران بلوچستان کی جانب سے دی گئی تھی۔ دارالحکومت کوئٹہ کی اکثر مصروف مارکیٹیں ہڑتال کے باعث بند ہیں جبکہ شاہراوں پر معمول سے کم ٹریفک دیکھنے میں آئی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں خون جما دینے والی سردی کے باوجود سانحہ مچھ کے متاثرین کی جانب سے مشرقی بائی پاس پر احتجاجی دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔

متاثرین وزیراعظم پاکستان عمران خان کے آمد کے منتظر ہیں لیکن ابھی تک وزیراعظم کا شیڈول جاری نہیں ہوسکا تاہم آج مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ سمیت کوئٹہ آنے کا اعلان کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہزاری برادری سے میتیں دفنانے کی اپیل کی ہے۔

بدھ کے روز اپنی ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر جمعرات کو یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔

واضح رہے کہ تین جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں عالمی دہشت گرد نام نہاد داعش نے گیارہ ہزارہ کانکنوں کو بے دردی سے ذبح کرکے قتل کردیا تھا۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزراء کے وفد سے مذاکرات کے ناکامی کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ مظاہرین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے آنے تک لاشوں کی تدفین سے انکار کردیا ہے۔