سانحہ مچھ میں جانبحق کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

337

کوئٹہ: سانحہ مچھ میں جانبحق کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں علامہ ہاشم موسوی نے جانبحق کانکنوں کی نمازہ جنازہ پڑھائی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، معاون خصوصی ذلفی بخاری، وفاقی وزیر علیٰ زیدی اور دیگر نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ ناصر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ ہزارہ ٹاؤن کے قبرستان میں 10 قبریں کھودی گئی اور تمام میتوں کی تدفین یہیں پر کی جائے گی،  تمام میتوں کےشرعی وارث یہیں ہیں۔

واضح رہے کہ تین جنوری کے روز بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کو کوئلہ فیلڈ میں مسلح افراد نے قتل کیا تھا جس کے بعد ان کے ورثاء نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ میں 6 روز دھرنا دیا اور وزیراعظم پاکستان کے آمد کا مطالبہ کیا۔

سانحے پر نصیر آباد کے مرکزی شہر اوستہ محمد اور دیگر علاقوں سمیت مستونگ اور کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی، بی ایس او اور دیگر کی جانب سے اظہار یکجہتی کی گئی، جانبحق کانکنوں کی یاد میں شمعیں روشن کیئے گئے۔ بلوچ سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے واقعے پر غم اور غصے کا اظہار کیا گیا۔

کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھی دھرنے دیے گئے، کراچی میں 30 سے زائد مقامات پر دھرنے دیے گئے جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم اور دھرنے کے شرکا میں گزشتہ رات مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد لواحقین نے میتیں دفنانے پر آمادگی ظاہر کی۔