خضدار میں فورسز کے رویے کیخلاف ٹرانسپورٹر گذشتہ رات سے سراپا احتجاج

466

بلوچستان کے شہر خضدار میں پبلک ٹرانسپورٹرز سیکورٹی فورسز کے رویے، ڈرائیوروں پر تشدد کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ٹرانسپورٹ مالکان نے اپنی بسیں کھڑی کرکے کراچی، کوئٹہ مرکزی شاہراہ کو بند کردی ہے۔

شدید سردی کے باعث گذشتہ رات سے متعدد گاڑیوں میں سینکڑوں مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔

کوچ مالکان کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ایف سی نے بلاوجہ ہماری گاڑی قبضے میں لے لی اور ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہماری کراچی سے آنے والی مسافر کوچ میں منشیات ظاہر کرکے ظالمانہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کے لئے سہارا بن چکے ہیں، بلوچستان میں بے روزگاروں کو ان ہی کوچز کے ذریعے روزگار فراہم کررہے ہیں ایک کوچ پر دس محنت کش کام کررہے ہیں اور دس گھروں کے چولہے جل رہے ہیں، ہزارں گھرانے باروزگار ہیں لیکن قدم قدم پر ہماری تذلیل کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ عمل ناقابل قبول ہے اس طرح ہمیں ہمارے ورکرز کی بے عزتی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے چابیاں ایف سی کیمپ پہنچادیں گے اور غیر معینہ مدت تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

آخری اطلاعات تک حکام کی جانب سے مظاہرین سے بات چیت کیلئے اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔