بولان: مسافر کوچ اور ویگن میں تصادم، تین مسافر ہلاک، 18 زخمی

720

بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے پیر پنجہ کے مقام پر مسافر کوچ اور ویگن کے مابین تصادم سے 3 افراد ہلاک اور 18زخمی ہوگئے.

ذرائع کے مطابق ویگن کوئٹہ سے مسافروں کو مچھ لے کر جارہی تھی، پیر پنجہ کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی الحکمت مسافر کوچ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3 مسافر ہلاک جبکہ خاتون بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز فورس کے اہلکار اور سائبان ویلفیئر مچھ کی امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مچھ ہسپتال منتقل کردیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، مچھ ہسپتال میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔

یاد رہے دو دن پہلے پنجگور سے کراچی جانے والا مسافر کوچ بریک فیل ہونے کے باعث لسبیلہ کے مقام پر لیویز چیک پوسٹ نمی سے ٹکرا گئی تھی جس کے باعث دو لیویز اہلکاروں سمیت 8 مسافر ہلاک اور 22 زخمی ہوئے تھے.

واضح رہے کہ خستہ حال سڑکوں اور ڈرائیوروں کی لاپرواہی کی وجہ سے اکثر اوقات حادثات پیش آتے رہتے ہیں لیکن ان حادثات کی تدارک کےلئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔