وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے چھ لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
بازیاب ہونے والوں میں 18 نومبر 2019 کو جت دشت سے بلوچی شاعر عبید عارف، 25 نومبر 2018 کو پسنی سے لاپتہ امین شکاری اور ڈھائی سال قبل دشت مزن بند سے لاپتہ امام اسحاق شامل ہیں۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق عرفان امام بخش سکنہ بلنگور، واحد داد شاہ سکنہ سامی گلگ اور منظور حسین سکنہ میناز بلیدہ کی بھی بازیابی کی اطلاعات ہیں تاہم آزاد ذرائع سے ان کی بازیابی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔.
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے لاپتہ افراد کی بازیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو بھی حکومت اور ملکی ادارے یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں اکثر لاپتہ افراد بازیابی کے بعد شدید ذہنی و جسمانی ٹارچر کی وجہ سے سامنے نہیں آتے ہیں۔ دوسری جانب سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والی تنظیموں کے مطابق جہاں ایک طرف کچھ لوگ بازیاب ہوتے ہیں اسی کیساتھ کئی لوگ جبری طور پر لاپتہ کیے جاتے ہیں جس کے باعث لاپتہ افراد کی تعداد میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے۔