دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ سے چار لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق تربت اور تمپ سے لاپتہ چار افراد باحفاظت ہوکر گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
تحصیل تمپ کے علاقے کوہاڈ سے لاپتہ دو نوجوان عزت ولد خورشید اور مہران ولد رسول بخش جبکہ ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے آپسر سے گذشتہ دو سالوں سے لاپتہ شریف ولد سلیمان اور گلاب ولد علی بخش بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پشتون تحفظ موومنٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کی جانب سے پیش کیے جانے والا بل، جو لاپتہ افراد کے حوالے سے قانونی سازی کے لیے پیش کیا گیا، اسے پاکستان کی قومی اسمبلی نے مسترد کردیا، بل میں تجویز کیا گیا تھا کہ جو افراد جبری گمشدگی میں ملوث ہوں، انہیں عمر قید کی سزا دی جائے اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔
جبکہ بلوچ قوم پرست جماعتوں اور انسانی حقوق کے تنظیموں کا موقف ہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا بھی سلسلہ جاری ہے وہ کہتے ہیں کہ لاپتہ افراد کی بازیابی خوش آئندہ عمل ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے لیکن جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے.
یاد رہے کہ کہ گذشتہ روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے دو افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے تھے۔