سانحہ مچھ: دھرنا چھٹے روز میں داخل، متاثرین وزیراعظم کے منتظر 

263

سانحہ مچھ کے متاثرین کا غم کم نہ ہو سکا۔ کوئٹہ میں مچھ واقعہ کے خلاف ہزارہ برادری کا لاشوں کے ساتھ دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو گیا، شہدا کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ مظاہرین اب بھی وزیر اعظم کی آمد کے منتظر ہیں۔

گذشتہ روز ضلع نصیر آباد کے شہر اوستہ محمد اور ضلع مستونگ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی اور بی ایس او کی جانب سے جانبحق کانکنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شمعیں روشن کیئے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کانکنوں کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اور ہزارہ برادری کا قاتل ایک ہی ہے، کریمہ بلوچ کے قتل کے واقعے سے توجہ اٹھانے کیلئے کانکنوں کو قتل کروایا گیا۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماوں کے ہمراہ گذشتہ روز کوئٹہ پہنچیں اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کی جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد نے مریم نواز کی قیادت میں کوئٹہ پہنچ کر متاثرہ خاندانوں اور ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کی۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا بھی اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ آمد کا امکان ہے۔ دوسری طرف دھرنے کے شرکا وزیراعظم عمران خان کی آمد تک میتوں کی تدفین سے انکاری ہیں۔