گوادر : شہر کے اردگرد باڑ لگانے کا کام شروع

607

گوادر شہر کو سیکیورٹی کے حوالے سے محفوظ بنانے کے لئے شہر کے اردگرد باڑ لگانے کے کام کی شروعات کردی گئی ہے باڑ لگنے کے بعد گوادر کے قریبی علاقے نگور،جیونی اور پیشکان دوسرے محلقہ علاقے کے لوگ آزادانہ طریقے سے آمدورفت نہیں کرسکیں گے ۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوادر شہر کے اردگرد باڑلگانے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیاگیا ہے ۔

اس سلسلے میں نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادر بخش نے کہا ہے کہ کچھ روز قبل گوادر شہر کے ایک حصے کی طرف پنسنگ کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جو قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا پنسنگ کا عمل شروع ہونے کے بعد نگور اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور خدشہ ہے کہ اس سے شہریوں کی آزادانہ نقل و عمل محدود ہوکر رہ جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی پنسنگ یا باڑ لگانے کے کیا مقاصد ہیں وہ بھی مخفی رکھے گئے ہیں اس کے علاوہ یہ شہری آزادی کے بھی منافی عمل ہے جسے ہم کسی بھی صورت قبول نہیں کرتے اس کو منسوخ کیا جائے۔