کوئٹہ میں بچوں سے زیادتی کے دو ملزمان گرفتار

274

کوئٹہ میں پولیس نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا  ہے۔  ملزمان کے قبضے سے ایک مغوی بچے کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش 20 سے زائد بچوں کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔

تھانہ منظور شہید کوئٹہ کے تفتیشی آفیسر محمد یاسر نے بتایا کہ مشرقی بائی پاس کا رہائشی چھٹی جماعت کا طالبعلم 28 نومبر سے لاپتہ تھا۔

30 نومبر کو بچے کے والد نے پولیس کو گمشدگی کی اطلاع دی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو ضلع نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے بازیاب کرایا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا

بازیاب بچے کے مطابق جب وہ خریداری کے لیے دکان پر گیا تو دو افراد نے  انہیں زیادتی کے بعد ایک تیسرے فرد کے حوالے کیا جو انہیں ڈیرہ مراد جمالی لے گیا۔

اے ایس آئی محمد یاسر کے مطابق تیسرا ملزم مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان ورغلا اور ڈرا دھمکا کر 10 سے 15 سال کے بچوں کے ساتھ زیادتی کرتے تھے۔

ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے دیگر متاثرہ بچوں کے والدین سے رابطہ کیا تاہم پولیس کا کہنا ہے بیشتر والدین نے بدنامی کے خوف سے سامنے نہیں آنا چاہتے۔