کریمہ بلوچ مبینہ قتل: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری

283

مستونگ، بیسیمہ اور مند میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر احتجاج کیا۔

معروف بلوچ رہنماء اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے سابقہ چیئرپرسن کریمہ بلوچ کی مبینہ قتل کے خلاف آج دسویں روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے کینیڈین حکومت سے انصاف کا مطالبہ کررہے تھے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر پر آج بلوچستان کے شہروں مستونگ، بسیمہ اور مند بلو میں خواتین و بچوں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کیئے اور ریلیاں نکالی۔

ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بانک کریمہ بلوچ کی قتل کا صاف شفاف تحقیقات کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ بانک کریمہ بلوچ کی قتل میں ملوث کرداروں کا منظر عام پر لایا جائے۔

مظاہرین کینیڈا پولیس کی ابتدائی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کریمہ بلوچ کی موت بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کی اغواء، ٹارگٹ کلنگ جبری گمشدگیوں کا تسلسل ہے جو بیرون ممالک میں پھیلا دیا گیا ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ راشد حسین کی متحدہ عرب امارات سے جبری گمشدگی، سوئیڈن سے ساجد حسین کی لاش برآمدگی اور کینیڈا میں کریمہ کی موت ریاستی جبر کا تسلسل ہے۔

خیال رہے کہ معروف بلوچ خاتون رہنماء اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے سابقہ چیئرپرسن بانک کریمہ 20 دسمبر کو ٹورنٹو سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوئے تھے اور اگلے دن ان کی لاش ایک جھیل سے ملی تھی۔

ابتدائی طور پر پولیس نے کریمہ بلوچ کی موت کو بغیر کسی کرئمینل پہلو کے جانچ کیا تھا جبکہ کریمہ بلوچ کی فیملی سمیت بلوچستان کی سیاسی و قوم پرست جماعتوں نے پولیس کی ابتدائی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی نے آج کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئے سال 2 جنوری کو احتجاج کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

پریس کانفرنس میں رہنماوں کا کہنا تھا کہ لوچستان کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔ جس کیخلاف ہم احتجاج تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔

واضح رہے گذشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی نوشکی کیجانب سے بھی احتجاجی مظاہرے کو منسوخ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پاکستانی خفیہ اداروں کے دھمکیوں کے باعث اپنا پروگرام منسوخ کیا تاہم کمیٹی نے وجوہات بتائے بغیر اپنا احتجاجی پروگرام منسوخ کیا۔