پی ڈی ایم کے اسمبلیوں سے استعفوں کی حمایت کرتا ہوں – نواب رئیسانی

566

چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے این این آئی سے منگل کی رات گفتگو کرتے ہوئے کہی  نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ وہ بلوچستان اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں سولین بالادستی کی جو بھی تحریک چلے کی اسکا ساتھ دیں گے لیکن پی ڈی ایم کو چاہیے کہ وہ اپنی تحریک کے دیگر نکات کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بسنے والی محکموم عوام کے تاریخی حقوق کے بارے میں بھی آواز اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فورم پر اس حوالے سے بات نہیں کی جارہی ہے جو کہ ہونی چاہیے گذشتہ 73 سالوں سے محکموم قوموں کی آواز بلند کرنے والے افراد کی مہم جاری ہے۔ اور وہ ان اقوام کے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں پی ڈی ایم کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں بسنے والی محکموم عوام کے تاریخی حقوق کو تسلیم کرنے کا مطالبہ بھی اپنے فورم سے اٹھائے۔

،نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ ہم سیاسی فیصلوں میں ان سب دوستوں کے مشاورت کے پابند ہیں جو ہر حالت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ہماری جدوجہد وفاق پاکستان میں محکوم اقوام کے قومی جمہوری حقِ حکمرانی کی ہے، کسی جماعت میں شمولیت بلوچستان میں بسنے والے اقوم کے سیاسی معاشی مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔