پراسرار دھاتی ستونوں کے نمودار ہونے کا سلسلہ جاری

413

دنیا بھر میں سنسنی پھیلانے والے دھاتی ستونوں کے نمودار اور غائب ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور دھاتی ستون کولمبیا میں نمودار ہوگیا اور اس کی مزید پریشان کن بات یہ ہے کہ یہ دیگر ستونوں کے برعکس سنہرے رنگ کا ہے۔

جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں ایک سنہرے رنگ کا دھاتی ستون نمودار ہوگیا، یہ ستون کولمبیا کے ایک دیہی علاقے میں نمودار ہوا ہے۔

اس ستون کی منفرد بات یہ ہے کہ یہ اس سے قبل نمودار ہونے والے ستونوں کے برعکس سنہرے رنگ کا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ اب تک نمودار ہونے والے تمام ستونوں پر حکمرانی کرنے والا ماسٹر ہے۔

دوسری جانب یورپی ملک ہالینڈ میں ایک اور دھاتی ستون دکھائی دے گیا، یہ ستون دیگر ستونوں کی طرح سلور رنگ کا ہے۔

یہ ستون دریا کنارے کچی مٹی میں نصب ہے، مقامی افراد کے لیے یہ بات حیران کن ہے کہ اس قدر وزنی ستون یہاں تک کیسے لایا گیا کیونکہ یہاں صرف پیدل چلنے کا راستہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ سب سے پہلا دھاتی ستون امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں نمودار ہونے کے بعد غائب ہوا تھا، بعد ازاں یورپی ملک رومانیہ میں بھی ایسا ہی ستون اچانک نمودار ہوا اور غائب ہوگیا۔

اس کے بعد ایک اور امریکی ریاست کیلی فورنیا میں تیسرا ستون نمودار ہوا اور چند دن بعد وہ بھی غائب ہوگیا۔

اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ ستون خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔