نصیر آباد : خواتین کو برابری کے حقوق کی فراہمی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں – بلوچ یکجہتی کمیٹی

208

بے آسرا خواتین کے لئے شیلٹر ہوم کا قیام ، گھریلو تشدد، سیاہ کاری کے نام پر قتل کی خلاف عملی اقدامات کئے جائیں،مظاہرے سے حمیدہ نور و دیگر کا خطاب

بلوچ یکجہتی کمیٹی نصیرآباد کے زیراہتمام جھٹ پٹ میں خواتین کو حقوق کی فراہمی کیلئے مظاہرہ کیا گیا، جس میں حمیدہ نور، ظہیر بلوچ ، نورمیمن، حکیم بلوچ، مدیحہ نور، نادیہ، عاصمہ سمیت  دیگر کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حمیدہ نور نے کہا کہ خواتین کو برابری کے حقوق کی فراہمی ناگزیر ہوچکی ہے سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں کوٹہ کی بحالی، بے آسرا و بے سہارا خواتین کے لئے شیلٹر ہوم و دارالامان کا قیام ، خواتین پر گھریلو تشدد اور سیاہ کاری و کاروکاری کے نام پر انہیں قتل کرنے کیخلاف عملی اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ بچوں کو سکول نصاب کے ذریعے روز مرہ زندگی کی بنیادی مہارتوں پر مبنی تعلیم دی جائے اور خواتین کے ثانوی تعلیم حاصل کرنے کے حق پر عملدرآمد کروایاجائے جوکہ ریاستی ذمہ داریوں کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں علاقے کی لڑکیاں اعلیٰ تعلیم سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کو روک تھام کیلئے قانون سازی سخت کی جائے اور اوستہ محمد میں گرلز کالج کی بلڈنگ تعمیر کی جائے۔