موجودہ حکومت سے عوام مکمل طور پر مایوس ہوچکے ہیں – نیشنل پارٹی

156

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بلوچستان کے ایشوز بہتر اندازمیں اجاگر ہو رہے ہیں،گوادر باڑ کے خلاف بی این پی ،پی ڈی ایم سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرکے اس سازش کوناکام بنایا جائے گا، عمران خان نفسیاتی طورپر پسپائی اختیارکرچکے ہیں، موجودہ حکومت عوامی حمایت سے محروم ہوچکی ہے،کوشقلات سے سینکڑوں سیاسی کارکنان کی نیشنل پارٹی میں شمولیت خوش آئندہے، شمولیتوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوچکاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنی رہائش گاہ پر کوشقلات سے محمد سلیم صالح کی اپنے خاندان کے ساتھ، حاجی احمد، نوراحمد، حاجی غلام رسول  تیس افراد کے ساتھ، معروف شخصیت نثار احمد میجر دلمراد، تاج محمد،واجہ حمید الدین، محمد شریف خاندان کے ساتھ، ولید احمد خالد، سہراب احمد، حامد سلیم فاروق احمدسمیت دیگر سینکڑوں افراد کی بام سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے ان سیاسی کارکنان کو پارٹی قیادت کی جانب سے نیشنل پارٹی میں شمولیت پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی بڑی تیزی کے ساتھ منظم جماعت کاشکل اختیارکررہی ہے، روزانہ کی بنیادوں پر لوگ شمولیت کیلئے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوام مکمل طور پر مایوس اور ناامید ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام لاکھوں کی تعدادمیں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کاساتھ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں بلوچستان میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی، بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے سفرکاآغازکیا، عوام کو مایوسیوں وناامیدیوں سے نکال کر امیدکی کرن دکھائی مگر موجودہ حکمرانوں نے ان سب پر پانی پھیردیا، کہیں پرکوئی ترقیاتی کام نظرنہیں آرہاہے، تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ودیگرمنصوبے ہمارے شروع کردہ ہیں ان کے علاوہ کہیں پر ایک اینٹ نہیں رکھی گئی، موجودہ حکومت کے ڈھائی سال ہر حوالے سے جمود کے شکارہیں،کیچ کے 5ایم پی ایز کو ان 3سالوں کے دوران ساڑھے 7ارب روپے کے فنڈزملے ہیں وہ کہاں پرخرچ ہوئے ہیں، اتنی بڑی رقم جاری ہونے کے باوجود زمین پرتوکچھ نظرنہیں آرہاہے،عوام کویہ حق حاصل ہے کہ وہ یہ جان سکیں کہ ان کیلئے جاری ہونے والے فنڈزکہاں پر کن مدات میں خرچ ہوئے ہیں،نااہل حکمران جرائز پر قبضے یاگوادر کو باڑ لگا کر تقسیم کرنے کا خیال دل سے نکال دیں، سرداراخترجان مینگل اوربی این پی کی قیادت کے ساتھ میری اورپارٹی قیادت کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں اس امرپر اتفاق ہواکہ موثر وجاندار احتجاج کے بغیر بلوچستان دشمن اقدامات کا راستہ نہیں روکا جاسکتا،

انہوں نے کہا کہ گوادربلوچستان کا حصہ ہے گوادر کے بغیر بلوچستان نامکمل ہے،بلوچ عوام گوادر اور ساحل کے حوالے سے کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، نیشنل پارٹی، بی این پی، آل پارٹیز اورپی ڈی ایم جماعتوں کے ساتھ مل کراحتجاج کریں گے،

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ میر حاصل خان بزنجو کی طویل رفاقت رہی ہے جبکہ بی این ایم کے دورمیں محترمہ بے نظیربھٹو کے دونوں ادوارمیں تعلقات رہے ہیں، پی ڈی ایم کے بیانیہ سے ہمارے ایشوز بہتر انداز میں اجاگر ہورہے ہیں، چاہے وہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ہو یابلوچستان کی محرومیاں ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ میاں رضاربانی آئینی ڈرافٹ پر کام کررہے ہیں وہ بلوچستان کے ایشوز کو بہتر اندازمیں سمجھتے ہیں اورہمارے نکات بھی ڈرافٹ کاحصہ ہوں گے، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ملک میں غیرجانبدارانہ الیکشن پی ڈی ایم کابنیادی مقصد ہے، انتخابی اصلاحات ہوں، اداروں کا الیکشن میں عمل دخل نہ ہو بلکہ عوام کو آزادانہ طورپر اپنی رائے کے اظہارکاحق دیاجائے، ووٹ کوعزت دی جائے، انہوں نے کہاکہ نوازشریف کانکتہ نظربہت کلیئر اور واضح ہے وہ پاکستان کے حوالے سے ایک نئی سوچ کااظہارکررہے ہیں وہ اپوزیشن اتحاد کومستقبل میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اب وہ عمران خان نہیں رہے وہ اب صرف بڑھکیں ماررہے ہیں نفسیاتی طورپر وہ پسپائی اختیارکرچکے ہیں وہ اسٹیبلشمنٹ کامہرہ ہے، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹرکہدہ اکرم دشتی نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ خود کو ووٹ الیکشن سے الگ کرے،عوام کو ووٹ کو عزت دے،انہوں نے کہاکہ 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کی جارہی ہے، جزائر اور گوادرکو الگ کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں،یہ بلوچ کی ملکیت ہیں بلوچ ان کاتحفظ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک ہمارے لئے ایک اہم سپورٹ ہے یہ تحریک موجودہ نااہل وناکام حکومت سے عوام کاجان چھڑانے میں کامیاب ہوگی، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن اور ضلعی صدرمحمدجان دشتی نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان اوربلوچ قومی مفادات کے تحفظ اور قومی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہدکررہی ہے، نئے شمولیت کرنے والے محمد سلیم صالح نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی قیادت میں پارٹی کوفعال ومنظم بنانے کیلئے دن رات ایک کریں گے، نیشنل پارٹی عوام کی امید ہے عوام نیشنل پارٹی کی قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں،اس موقع پر ڈاکٹر محمد نوربلوچ، انجینئر حمیدبلوچ، شے غلام قادر بلیدی، محمدطاہر بلوچ، طارق بابل، قادربخش بلوچ، فضل کریم، اقبال بلوچ، احسان درازئی، حاجی رحیم بخش چیف، دہقان دین محمد ،نعیم عادل سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔