بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اختر مینگل نے لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کے شروع سے لے کر ابتک ملک بد حالی کا شکار رہا ہے اور من پسند لوگوں کو لاکر من پسند پارٹیاں بنا کر حکومت کرائی جا رہی ہے لیکن اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اب تمام پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کے ملک کو بچانے کے لئے واحد راستہ آئین پر عملدرآمد سے ہوگا۔ اب تمام قومیتوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مخالفین کی اب شکست ہوگی اور ہماری فتح ہوگی۔
انہوں نے کہا کے امن و امان میں بلوچستان کا بڑا نام تھا لیکن اب بلوچستان کے لوگ دوسرے علاقوں میں پناہ لے رہے ہیں اور لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامع چارٹر کا اعلان ہوا تو بلوچستان کے بڑے مسائل حل ہونگے اور سب سے بڑا مسنگ پرسنز کا مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ سندھ پنجاب کا بھی ہے اور یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔ جبری گمشدگیوں کو بند کیا جائے اور صوبوں کو حقوق دیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالاستی کو مضبوط کیا جائے۔ جو آزاد میڈیا کی بات کرتا ہے اس پر پابندی لگائی جاتی ہے اور ایسی پابندیاں ہم پر بھی لگائی جاتی ہیں۔ اب بھی صحافیوں کو اٹھا کر لاپتہ کیا جاتا ہے اور ٹی وی اینکرز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔