پانچ سالہ فریال ہفتے کے روز ملتان میں دم توڑ گئی، فریال گذشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سلنڈر دھماکے میں شدید زخمی ہوگئی تھی، گیس سلنڈر دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی۔
جمعہ کے روز ملتان کے اسپتال میں کوہلو گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی تین بچے دم توڑ گئے تھے۔
گیس سلنڈر دھماکہ کوہلو کے علاقے بوہری میں ایک شادی کے تقریب میں ہوا جس کے نتیجے میں 31 بچوں سمیت 33 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل شدید زخمی ہونے والی دو نابالغ لڑکیاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ 13 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔
نشتر اسپتال ذرائع نے دو نابالغ لڑکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کوہلو سلنڈر دھماکے میں زخمی ہوئے باقی افراد نشتر اسپتال کے برن سینٹر میں زیر علاج ہیں۔ دھماکے کے 11 مریض اب بھی اسپتال میں داخل ہیں۔
پولیس آفیسر حق نواز نے بتایا کہ یہ بچے کوہلو کے علاقے بوہری میں آلو کے چپس بیچنے والے کے آس پاس جمع تھے جب گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں چپس کے دو فروخت کنندہ بھی شامل ہیں۔
اس اندوہناک واقعہ پر پورے ضلع میں سوگ کی کیفیت ہے، شادی کی خوشیاں ماند پڑ گئی۔