کوئٹہ: درجہ حرارت گرنے سے گیس کی قلت، شہری پریشان

204
File Photo

کوئٹہ کے شہری منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقے گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے مسئلے سے دوچار ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی برسات کے بعد وادی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ موسم کے تیور بدلنے کے ساتھ منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ نے شہریوں کے معمولات منجمد کردئیے ہیں۔ سردی کے باوجود اہلیان کوئٹہ سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ کاسی روڈ، شالدرہ، میکانگی روڈ، سریاب اور دیگر علاقوں کے مکین گیس لوڈ شیڈنگ سے شدید پریشان ہیں۔

گیس نایاب ہوتے ہی  شہریوں نے ایل پی جی کا سہارا لینا شرو ع کردیا۔ ڈیمانڈ بڑھنے کے ساتھ ہی 110 روپے فی کلو ایل پی جی کی قیمت 140 روپے تک جا پہنچی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیوں کہ گیس پلانٹ کم ہونے کی وجہ سے قلت پیدا ہوگئی ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرد موسم میں گیس کی ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے۔