کراچی : پولیس کا مقابلے میں 5افراد ہلاک

396
فائل فوٹو

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں آج صبح سویرے مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

گزری تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر آغا معشوق کے مطابق ڈیفنس فیز 4 میں یسرب امام بارگاہ کے قریب ایک بنگلے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان اس علاقے میں ڈکیتی اور راہزنی کی کافی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت بھی ملزمان ایک واردات کے لیے وہاں پہنچے تھے کہ پولیس کو مشکوک صورتِ حال کا علم ہوا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک ڈبل کیبن گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔

مقابلے میں مارے گئے ان پانچوں ملزمان کی فوری طور پر شناخت سامنے نہیں آئی ہے، جن کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں