پنکج تریپاٹھی کا مرحوم عرفان خان کو خراج عقیدت

337

بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار پنکج تریپاٹھی اب بھی آنجہانی اداکار عرفان خان کو نہیں بھول پائے ہیں۔

عرفان خان کو دنیا سے رخصت ہوئے کئی ماہ ہوچکے ہیں تاہم وہ اب بھی اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا کے نامور اداکاروں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

فلم نگری میں اپنے جاندار کرداروں کے ذریعے مقام بنانے والے پنکج تریپاٹھی بھی عرفان خان کے انتقال پر اب تک افسردہ ہیں۔

حالیہ انٹرویو میں پنکج کا کہنا تھا کہ ‘میں عرفان خان کو بہت پسند کرتاہوں اور ان کے دنیا سے جانے پر آج بھی افسردہ ہوں کیونکہ ان سے بے حد متاثرہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں بلکہ یہ کہا جائے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے واحد اداکار تھے جن کی میں نے ساری فلمیں دیکھی ہیں، ان کی اداکاری سے ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ کچھ الگ ہی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پنکج نے عرفان خان کے ساتھ صرف ایک فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی تھی جس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انگریزی میڈیم کرنے کا مقصد صرف عرفان خان کے ساتھ کام کرنا تھا۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار عرفان خان کا انتقال رواں سال 29 اپریل کو ہوا تھا اور انہیں ممبئی میں ہی سپردخاک کیا گیا تھا۔