پنجگور سے بلوچ طالب علم پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

353

پنجگور کے مرکزی بازار چتکان سے فورسز نے ایک نوجوان  کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق آج مغرب کے وقت پاکستانی  فورسز نے پنجگور کے علاقے چتکان سے ایک طالب علم کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

حراست کے بعد لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت ثناءاللہ ولد دوست محمد سکنہ بلیدہ کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، انہی جبری گمشدگیوں کے خلاف لاپتہ بلوچوں کی بازیابی کے لئے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز پچھلے ایک دہائی سے سراپا احتجاج ہے، تاہم فورسز کے جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔

  دوسری جانب بلوچ سیاسی جماعتوں و تنظیموں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کا موقف ہے کہ پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے براہ راست ان جبری گمشدگیوں میں ملوث ہیں۔