نصراللہ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کچھی میں امن و امان بحال کیا جائے – بی ایس او

247

بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل منیر جالب بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج صبح کچھی کے رہائشی نصراللہ بنگلزئی کی ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہادت پہ افسوس ہوا۔ نصراللہ بنگلزئی جو کہ اپنے گھر کے واحد کفیل تھے انہیں دن دھاڑے ان کے گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا۔ یہ واقعہ علاقے میں کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ ضلع کچھی (بالا ناڑی) کے مکینوں کی زندگی اس پہلے بھی اجیرن بنادی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سورج غروب ہوتے ہی علاقہ مکین گھروں تک محدود ہوجاتے ہیں، باہر نہ انکی جان محفوظ ہے نہ مال، چند ڈاکوؤں نے پورے علاقے کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید نصراللہ کے قاتل بابو ابڑو کو اس سے قبل بھی علاقے کو عوام نے پکڑ کر انتظامیہ کے حوالے کیا تھا لیکن ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے وہ رہا ہوگیا. اگر اسے اس وقت سزا ملتا تو آج شہید نصراللہ ہم سے جدا نہ ہوتے۔ ضلعی انتظامیہ علاقہ مکینوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پہ چھوڑ کر خواب خرگوش میں سو رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید نصراللہ کے قاتلوں کو جلد از جلد پکڑ کر قرار واقعی سزا دی جائے اور علاقے میں امن وامان کو بحال کیا جائے بصورت دیگر بی ایس او دیگر طلبا تنظیموں سے مل کر حلقے کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھرپور تحریک چلائے گی۔