طلباء کے شعوری نشوونما کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے – بساک

178

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس، صدر زکیہ بلوچ، جنرل سیکریٹری نذر مری منتخب

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت اعجاز بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان بلوچ اور مرکزی وائس چیئرپرسن صبیحہ بلوچ تھے۔ اجلاس میں مرکزی سرکولر، تنظیمی امور، تنقید برائے تعمیر سمیت مختلف ایجنڈے زیر بحث آئے مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل گفتگو کے بعد تنظیمی بہتری کے لئے متعدد فیصلے کیے گئے۔

جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان بلوچ کا کہنا تھا کہ کسی بھی تنظیم میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کیونکہ تنظیمی کارکنان ہر مقام پر تنظیمی ترجمان بن کر تنظیمی اغراض و مقاصد کو اجاگر کرتے ہیں جس سے یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ تنظیمی کارکنان کو شعوری تربیت دے کر ہی تنظیم کو استحکام کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔ تنظیمی کارکن ہی تنظیم کا کل اثاثہ ہوتے ہیں۔ جو کسی تنظیم کی عروج و زوال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں. اس لئے کسی بھی تنظیم کے لئے یہ امر لازمی بن جاتی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو لٹریچر فراہم کرے، ان کے لئے شعوری سرکلز باقاعدگی کے ساتھ ترتیب دے تاکہ تنظیمی پروگراموں سے کارکنان شعور پا کر مستقبل میں اپنے قومی فلاح وبہبود میں موثر کردار ادا کرسکیں۔

جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرمین ڈاکٹر صبیحہ بلوچ نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے ہر وقت تنظیمی کارکنوں کی مثبت حوصلہ افزائی کی ہے کیونکہ تنظیم یہ بخوبی سمجھتی ہے کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی آج جس طرح مختلف جامعات میں اپنی مضبوط تنظیمی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ تنظیمی کارکنان کی شپ و روز کی محنت کا ثمر ہے. تنظیم کی جانب سے ماضی میں اپنے تنظیمی ممبران کے لئے مختلف شعوری پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جو آج تسلسل کے ساتھ کامیابی سےجاری و ساری ہے اور آئندہ بھی شعوری پروگرامز کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ تنظیم کے مرکز نے تنظیمی کارکنان کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کی ہے جہاں پر کارکنان تنظیمی پالیسیوں پر مثبت تنقید کرسکیں چونکہ تنقید کی گنجائش ہر طلبہ تنظیم کے اندر موجود ہوتی ہے جو تنظیمی نشونما کے لئے ضروری ہوتی ہے۔

تمام ایجنڈوں پر سیر حاصل گفت و شنید کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی زونل کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں زونل صدر زکیہ بلوچ، زونل نائب صدر عالم بلوچ، زونل جنرل سیکریٹری نزر مری، زونل ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جہانذیب بلوچ اور انفارمیشن سیکریٹری محسن بلوچ منتخب ہوئے۔

جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ میں نومنتخب ہونے والے تمام زونل کابینہ کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ تمام نو منتخب زونل کابینہ کے اراکین اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دے کر تنظیمی موقف کو مزید واضح کریں گے۔

تمام نومنتخب زونل کابینہ کے اراکین نے اعادہ کیا کہ وہ کوئٹہ میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مستحکم اور طلباء کے شعوری نشوونما کےلیے اپنی بھرپور توانائیوں کے ساتھ جدوجہد کریں گے۔