بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
شاہرگ میں نسک کے علاقے مشدری چیک پوسٹ پر حملے میں حملہ آوروں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا جبکہ حملے کے بعد فرار ہوگئے۔
حکام نے تاحال حملے میں جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم فورسز کی مزید نفری علاقے میں بھیجی جاچکی ہے۔
مذکورہ علاقے میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز اور حکومتی حمایت یافتہ افراد کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
ستمبر 2018 میں مشدری ہی کے علاقے میں مسلح افراد نے ایک پوسٹ پر حملے کے بعد قبضہ کیا تھا بعد ازاں بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جبکہ حملے کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں قبضے میں لیئے گئے اسلحہ کو بھی دکھایا گیا۔
آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔