تعلیمی اداروں کی بندش قبول نہیں، بلوچستان پرائیویٹ اسکول گرینڈالائنس

302
فوٹو: آن لائن

بلوچستان پرائیویٹ اسکول گرینڈ الائنس نے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 دسمبر تک نجی اداروں میں تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

کوئٹہ میں ترجمان بلوچستان پرائیویٹ اسکول گرینڈ الائنس نذر بڑیچ نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تجارتی مراکز اور بازار کھلے ہیں جبکہ سیاسی جلسے، جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں تو پھر تعلیمی ادارروں کو کیوں بند کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا تعلیمی سال پہلے ہی ضائع ہوچکا ہے اس لیے مزید نقصان برداشت نہیں کرسکتے۔

نذر بڑیچ نے کہا کہ ونٹر زون کے نجی ادارے 15 دسمبر تک کھلے رہیں گے اور 25 نومبر سے سالانہ امتحانات منعقد کرائے جائیں گے۔ نجی تعلیمی اداروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے مگر ہمیں تعلیم دشمن اقدامات قبول نہیں ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کسی بھی اقدام کو ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔