بولان میڈیکل کالج کا طالبعلم پنجگور سے لاپتہ

418

طالب علم نوجوان کو ان کے والد کے ہمراہ اغواء کیا گیا، بعدازاں والد کو رہا کیا گیا۔

بولان میڈیکل کالج کے طالب علم نبی بخش کو ضلع پنجگور سے نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرکے لاپتہ کردیا۔ طالبعلم کرونا کے باعث چھٹیوں پر پنجگور آیا ہوا تھا۔

اطلاعات کے مطابق نبی بخش پنجگور وشبود کا رہائشی ہے جنہیں پنجگور کے علاقے گرمکان سے ان کے والد ماسٹر عبدالرزاق کے ہمراہ مسلح افراد نے اغواء کرلیا، بعدازاں ان کے والد کو چھوڑ دیا گیا جبکہ طالبعلم تاحال لاپتہ ہے۔

ضلعی حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے کچھ نہیں بتایا گیا۔

واضح رہے اس سے قبل بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کے واقعات میں نوجوان جبری طور پر لاپتہ کیئے جاچکے ہیں جن میں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کو لواحقین کی جانب سے موردالزام ٹہرایا گیا ہے جبکہ بعض واقعات میں مذکورہ اداروں کے نام ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔

گذشتہ دنوں لاپتہ طالب فیروز بلوچ اور ماجد بلوچ کے لواحقین کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ فیروز بلوچ کو 29 مئی 2019 کو کوئٹہ سے پنجگور کی جانب دوران سفر قلات کے مقام سے مسلح افراد نے لاپتہ کیا تھا اسی طرح بلوچستان یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس کے طالب علم ماجد کو 31 مئی 2019 کو قلات میں واقع ان کے گھر سے لاپتہ کیا گیا۔

ماجد کے لواحقین کے مطابق فورسز اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے 31 مئی کی رات ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور تشدد کرتے ہوئے ماجد کو اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔