بلوچستان مسئلہ طاقت سے حل کرنے کی حکمت عملی کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی – ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

171

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسئلہ کو طاقت سے حل کرنے کی حکمت عملی کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی ، بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل بھی سیاسی نکالنا چاہئے بلوچستان میں یہ آگ مشرف اور اس کے حواریوں کی لگائی ہوئی ہے بلوچستان میں بلاجواز آپریشن کے ذریعے نواب اکبر خان بگٹی سمیت سینکڑوں بلوچ نوجوان کو شہید کیا گیا ریاست کو معاملات کو صحیح تناظر میں دیکھنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ تاحال بلوچستان میں طاقت کی حکمت عملی جاری ہے معاملات کرنے کی اس حکمت عملی کو بدلنا ہوگا بصورت دیگر حالات ٹھیک نہیں ہونگے بلکہ مزید خراب تر ہوتے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا  بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل مذاکرات ہے جتنی جلدی اس سلسلے کو شروع کیا جائے جس کی ابتداء ہم نے دوران حکومت کیا تھا۔

انہوں نے کہا بلوچستان اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے ساوتھ بلوچستان کی باتیں منافقانہ سوچ کی پیداوار ہیں بلوچستان میں ترقی کے نام پر تاریخی علاقوں کو جنوب و شمال کے نام پر تقسیم کرنے کا سوچ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے گزر و بسر کا واحد ذریعہ بارڈر ٹریڈ ہے لیکن موجودہ حکومت نے ایران و افغانستان سے منسلک کاروبار کو تقریبا بند کردیا ہے بارڈر کے بند ہونے کے سبب لوگ فاقہ کشی کا شکار ہوتے جارہے ہیں مکران میں ہر طرف ایف سی کے چیک پوسٹوں اور بارڈر پر بلاجواز سختی سے مقامی لوگ شدید مشکلات و مسائل کا شکار ہوتے جارہے ہیں حکومت کو بارڈر کے کاروبار سے متعلق اپنے رویے کو بدلنا ہوگا۔