افغان دارالحکومت کابل میں راکٹ حملے، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

287
افغان دارالحکومت کابل میں 23 راکٹ حملوں کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح دارالحکومت میں 2 آئی ای ڈی دھماکے ہوئے جس کے تقریباً ایک گھنٹے بعد شہر پر دو سمتوں سے راکٹوں کی بارش کردی گئی۔

افغان وزارت داخلہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں 23 راکٹ حملوں کی تصدیق کی جس میں مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں پر بھی راکٹ فائر کیے گئے جب کہ ایک راکٹ کابل میں موجود ایرانی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں بھی گرا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ راکٹ حملوں کے نتیجے میں اب تک 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شاہراہِ نیو ایریا کے ایمرجنسی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق اسپتال ذرائع نے راکٹ حملوں میں 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب طالبان نے راکٹ حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔