گول مشین رابرٹ لیونڈوسکی یوئیفا کے فٹبالرآف دی ایئر قرار

211

چیمپئنز لیگ کے فاتح جرمن کلب بائرن میونخ کی گول مشین اور پولینڈ کے کپتان رابرٹ لیونڈوسکی نے یو ایفا کے سال 20-2019 کے بہترین فٹبالر اور بہترین فارورڈ کے دونوں اعزازات جیت لیے وہ اپنے کیریئر میں پہلی بار یہ دونوں ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ سال شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ کو تین ٹائیٹل جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس بار یوایفا کے ان ایوارڈز کیلئے دوڑ میں لیونڈوسکی نے دنیا کے مشہور فٹبالرز رونالڈو اور میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سال کے بہترین فٹبالر کےاعزاز کیلئے لیونڈوسکی نے مدمقابل اپنی ٹیم بائرن کے کپتان مینوئل نویئر اور مانچسٹر سٹی کے کیون ڈی بروئنے پر بڑے مارجن سے سبقت حاصل کی۔ جیوری نے رابرٹ لیونڈوسکی کو 477 پوائنٹس کے ساتھ فاتح قرار دیا جبکہ ڈی بروئنے 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور مینوئل نویئر 66 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے۔

سال کے بہترین فارورڈ کیلئے لیونڈوسکی کے مدمقابل  پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی) کے دو فٹبالرز برازیلین سپر اسٹار نیمار اور فرانسیسی فارورڈ کلیان امباپے تھے جس میں لیونڈوسکی اپنے دونوں حریفوں پر حاوی رہے۔

لیونڈوسکی 361  پوائنٹس حاصل کر کے ایوارڈ جیت گئے۔ کلیان امباپے 72 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیمار 62 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ لیونڈوسکی نے فٹبال سیزن میں مجموعی طور پر 55 گول کیے جن میں بنڈس لیگا کے 34‘ ڈی ایف بی کپ 6  اور یو ایفا چیمپئنز لیگ کے 15 گول شامل ہیں۔ وہ چیمپئنز لیگ میں ٹاپ اسکورر تھے۔ لیونڈوسکی نے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل تک مسلسل 9 میچوں میں گول کیے جبکہ وہ فائنل میں پیرس سینٹ جرمین کے خلاف گول نہیں کر پائے۔

پولش  فٹبالر لیونڈوسکی گزشتہ سیزن کے ان تینوں ایونٹس میں ٹاپ اسکورر رہے جو بائرن میونخ نے جیتے تھے۔ لیونڈوسکی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بائرن کے ہوم گراؤنڈ الیانز ایرینا پر 100 گول کرنے والے واحد فٹبالر ہیں۔ انہوں نے اسی گراؤنڈ پر بورسیا ڈورٹمنڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے بائرن میونخ کے خلاف بھی ایک گول کیا تھا۔

کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں فٹبال سیزن میں زیادہ تر سرگرمیاں معطل رہی تھیں جس کی وجہ سے فرانس نے 2020 کا بیلن ڈی اور ایوارڈ منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایوارڈ کا انعقاد ہوتا تو اس بار لیونڈوسکی ہی اس کے مضبوط ترین امیدوار تھے۔ 2020 میں کرونا وائرس کی وبا میں سب سے پہلے بائیو ببل انتظامات میں بنڈس لیگا کا آغاز ہوا تھا جس میں باہرن میونخ فاتح رہی اور لیونڈوسکی نے ٹاپ اسکورر کی حیثیت سے ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

لیونڈوسکی کا کہنا ہے کہ میں نے ایک بچے کی حیثیت سے چیمپئنز لیگ جیتنے کا خواب دیکھا تھا جو بائرن کی جانب سے کھیلتے ہوئے پہلے ہی پورا ہو چکا تھا اور اب بہترین فٹبالر اور بہترین فارورڈ کے یو ایفا اعزازات نے اس خوشی کو دوبالا کر دیا ہے۔ یہ میری زندگی کا یادگار ترین سیزن رہے گا۔