ژوب: خسرے کی وباء سے بچی جانبحق، مزید 8 بچے متاثر

332

بلوچستان کے ضلع ژوپ کے علاقے گوسہ کبزئی میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی ہے، وباء کے سبب  کلی شارہ گوسہ میں حبیب اللہ نامی شخص کے تین سالہ بچی جانبحق ہوئی اور علاقے کے متعدد بچے اور بچیاں  متاثر ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق متاثرین میں ایک ہی خاندان کے آٹھ بچے شامل ہیں جن کو مزید علاج کے لیے سول ہسپتال ژوب لایا گیا ہے۔جبکہ علاقائی ذرائع کے مطابق ابھی تک علاقے میں محکمہ صحت کی کوئی ٹیم نہیں پہنچی ہے۔

لوگوں کے مطابق اگر حکومت نے بروقت طبی امداد کے لیے ٹیمیں نہیں بھیجی تو اس سے مزید لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق خسرہ ایک پھیلنے والی سانس کی بیماری ہے جس کا شکار بڑے بھی ہوتے ہیں اور بچے بھی، یہ ان خطرناک بیماریوں میں سے ایک ہے جو متاثرہ مریض کے سانس لینے یا کھاسنے سے ہوا کے ذریعے دوسروں میں منتقل ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق خسرہ کے مرض میں اچانک جاڑے کے ساتھ بخار آتا ہے۔ پورے جسم میں درد بے چینی، سر میں درد، ناک بہنا، چوکنا، ڈرنا، آنکھوں سے پانی بہنا، چھینکیں آنا اور تیز بخار اسکی خاص علامات ہیں۔ دو سے تین دن بخار رہنے کے بعد پورے جسم پر چھوٹے چھوٹے دانے گچھوں کی صورت میں نکل آتے ہیں۔ اگر ان علامات کے ساتھ دانے بڑھنے لگیں تو یہ چیچک کہلاتی ہے ۔

خسرہ کے دانوں میں جلن اور کھجلی رہتی ہے اور چھوٹے بچے اکثر نمونیا، دست اور پیچش میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

بلوچستان کے دیہی علاقوں میں خسرہ کی وباء کے کیس وقتاً بہ وقتاً رپورٹ ہوتے ہیں۔