چمن: چوتھے روز بھی مرکزی شاہراہ احتجاجاً بند

125

بلوچستان کے علاقے چمن میں مرکزی شاہراہ کوژک کے مقام پر چوتھے روز بھی احتجاجاً بند ہے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جبکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

چمن سےعوامی نیشنل پارٹی صوبائی صدر ایم پی اے اصغر اچکزئی کے چچا زاد بھاٸی اسد خان کو گذشتہ جمعہ کو کوئٹہ چمن شاہراہ سے اغواء کیا گیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان اسد خان کے اغواء کے خلاف چوتھے روز بھی بین الاقوامی شاہراہ کو بند کیا گیا ہے۔

آل پارٹیز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی پریس سیکرٹری کی تاحال بازیابی نہ ہونے کے باعث پہیہ جام ہڑتال شروع کردی گئی ہے۔ کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند ہے۔

کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہونے سے افغان ٹرانزٹ نیٹو سپلائی اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے۔

کوئٹہ چمن شاہراہ پر سفر کرنے سے مسافروں کو منع کردیا گیا ہے۔

آل پارٹیز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ اس وقت تک بند رکھی جائے گی جب تک اسد خان کو بازیاب نہیں کروایا جاتا۔