پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا امکان

336

منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی روک تھام سے متعلق عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ‘ ایف اے ٹی ایف’ سے منسلک ذیلی ادارے ایشیا پیسفک گروپ ‘ اے پی جی’ نے پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی روک تھام سے متعلق ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے ” کچھ پیش رفت‘‘ کے مشاہدے کے ساتھ پاکستان کو نگرانی کی فہرست میں بدستور شامل رکھا ہے۔

حال ہی میں ایشیا پیسفک گروپ کی طرف سے جاری ہونے والی باہمی جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے فنانسل ایکشن ٹاسک فورس کی تجویز کردہ 40 میں سے دو سفارشات پر موثر عمل درآمد کیا ہے, 26 پر جزوی طور پر جب کہ 9 پر بڑی حد تک عمل کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو مزید نگرانی کی فہرست میں برقرار رکھا جائے گا اور پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے ایشیا پیسفک گروپ کو آگاہ کر رکھے گا۔

ایشیا پیسفک گروپ کی طرف اس بات کا انکشاف ایک حال ہی میں جاری ہونے والی باہمی جائزہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

یہ رپورٹ ایک وقت سامنے آئی ہے جب فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے آئندہ ہفتے پیرس میں ہونے والے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا پاکستان کو تنطیم کی گرے لسٹ میں برقرر رکھا جائے یا نہیں۔

یاد رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے جون 2018 میں دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے روک تھام کے لیے موثر اقدامات نہ کرنے کی وجہ پاکستان کو تنطیم کی گرے لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔