وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کوسٹل ہائی وے پر اورماڑی میں او جی ڈی سی ایل (آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ) کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ افسوسناک اور بزدلانہ عمل ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خیال رہے مسلح افراد کے حملے میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سیکورٹی پر مامور پاکستانی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
حملہ جمعرات کی دوپہر ایک بجے کے قریب کیا گیا جس میں قافلے میں شامل گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دو گاڑیوں میں مذکورہ آئل کمپنی کے ملازمین کو کراچی لے جایا جا رہا تھا۔ جن کی حفاظت کے لیے ایف سی 128 ونگ کی دو گاڑیاں بھی ساتھ تھیں۔
پاکستان کے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق یہ حملہ کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔