قلعہ عبداللہ میں 8 سالہ لڑکا زیادتی کے بعد قتل

195

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں آٹھ سالہ لڑکے کو اغوا کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اسے قتل کردیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ جہانزیب شیخ نے بتایا کہ مذکورہ لڑکا دو روز قبل میزئی اڈہ کے علاقے کلی ڈیویا سے لاپتہ ہوگیا تھا۔

جہانزیب شیخ نے بتایا کہ ملزمان نے نابالغ لڑکے کی نعش کو درخت سے لٹکا دیا تھا۔

انہوں نے بتایا لاش کی اطلاع ملنے پر والدین اور لیویز اہلکار علاقے میں پہنچ گئے۔ میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوا کہ ملزمان نے بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے بے دردی سے قتل کیا گیا۔

انہوں نے ملزمان کے سے حوالے سے کہا کہ ہم نے زیادتی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ المناک واقعے کے حوالے سے رپورٹ درج کرنے تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

متاثرہ لڑکے کے والد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کی عصمت دری اور قتل میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرے۔ انہوں نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے بھی اپیل کی ہے کہ قرار واقعی سزا دینے کیلئے از خود نوٹس لیا جائے۔

جہانزیب شیخ نے کہا کہ ہم اس وحشیانہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

خیال رہے کوئٹہ میں معصوم بچے سعد شاہ کو بے دردی سے قتل کرنے کے تین ہفتے بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔