جھل مگسی: روڈ پر کام کرنے والی کمپنی پر بم حملہ

243

بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں روڈ پر کام کرنے والی کمپنی کو نامعلوم افراد نے بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

دھماکہ اس وقت ایک ڈمپر پر ہوا جب نوتال تا گنداواہ روڈ پر کام جاری تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈمپر کو نقصان پہنچا ہے۔

واقعے میں کسی قسم کی جانی نقصانات کی اطلاع نہیں ہے۔ جبکہ دھماکے کے بعد سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لیکر کاروائی شروع کردی گئی ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

دریں اثناء صوبائی وزیر آبپاشی نوابزادہ میر طارق خان مگسی، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر خالد خان مگسی، جلال خان لاشاری صدر بی اے پی ضلع جھل مگسی، محمد اسلم خان مگسی اور دیگر نے واقعے کی مذمت کی ہے۔

حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔