تربت: پولیس تھانے میں منظر عام پرلائے جانیوالا شخص دوبارہ لاپتہ

193

ایک ہفتے قبل لاپتہ شخص کو پولیس تھانے میں منظر عام پر لایا گیا جو دوبارہ لاپتہ ہوگیا۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے پولیس کی حراست میں نوجوان لاپتہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے قبل مند کے رہائشی انیس ولد گہرام ایک دفعہ پھر جبری طور پر لاپتہ کردیئے گئے۔ انیس ولد گہرام کو رواں سال سات مئی کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لیکر نامعلوم منتقل کردیا تھا جنہیں پانچ مہینے گزرنے کے بعد گذشتہ دنوں تربت پولیس تھانے میں منظر عام پر لایا گیا۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ پولیس نے یہ کہہ کر انیس گہرام کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا کہ کچھ ضروری کاروائی کے بعد ایک دو روز میں انہیں رہا کردیا جائے گا جبکہ گذشتہ روز جب ان کے لواحقین پولیس تھانے پہنچے تو انیس گہرام ادھر نہیں پایا گیا جبکہ پولیس نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انیس گہرام ان کے حراست میں نہیں ہے۔

خیال رہے انیس کو ان کے بڑے بھائی جاوید گہرام اور دیگر افراد کے ہمراہ حراست میں لیا گیا تھا، بعدازاں جاوید گہرام 17 مئی کو مند سورو کے مقام پر نیم مردہ حالت میں پائے گئے۔

جاوید کو علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 25 مئی کو جانبحق ہوگئے۔