بین الاقوامی آگاہی مہم کے تحت برلن جرمنی میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا – بی این ایم

122

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا بلوچستان میں پاکستان کے ہاتھوں انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کے خلاف جرمنی کے دارالحکومت برلن میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینر اٹھائے تھے جن پر پاکستان کے جرائم کے داستان درج تھے۔ مظاہرین نے پاکستانی مظالم اور بلوچستان کے قبضے کے بارے میں مقامی لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے جنگی جرائم کے بارے میں مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ آج کا مظاہرہ اسی عالمی مہم کاحصہ ہے۔ مظاہرہ میں ایک پاکستانی نے مداخلت کرکے پروگرام کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اس نے ڈرانے کی غرض سے پروگرام کے دوران اپنے موبائل فون سے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورت حال گھمبیر تر ہوتی جارہی ہے۔کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ بلوچستان میں بدترین آپریشن اورانسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزی نہ کی جاتی ہو۔ پاکستان کے انہی جنگی جرائم کے خلاف بی این ایم عالمی سطح پر مسلسل آواز اٹھارہی ہے۔ اس میں ہم مہذب ممالک میں بلوچستان کی اصل حقائق کو پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔