امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ میں چلے گئے

102

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر اور قریبی ساتھی ہوپ ہکس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ دونوں قرنطینہ میں چلے گئے۔

امریکی صدر کی معاون ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ وہ اور خاتون اول ملانیا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ہوپ نے ایک ہفتہ قبل ان کے ساتھ ہوائی سفر کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے نمائندوں کے مطابق معاون ہوپ ہکس صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیلی کاپٹر مرین ون میں بھی سوار ہوئی تھیں، 31 سالہ ہوپ ہکس صدر کی ٹیم میں سب سے قریبی اہلکار ہیں۔

ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اور میلانیا ہوپ کے ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں وہ سرکاری تقاریب میں اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ گھلے ملے نظر آتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے امریکا میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 75 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔