افغانستان کے مغربی صوبے غور میں پولیس کے ایک مرکز کو گولہ بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 12 شہری ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ یہ بات افغان ذمے داران نے بتائی۔
یہ کارروائی صوبے کے صدر مقام فیروز کوہ میں ہوئی جہاں گذشتہ برسوں کے دوران نسبتا پرتشدد واقعات کا تناسب ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم رہا۔
افغان وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کار بم دھماکا اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 11 بجے ہوا۔ دہشت گردوں نے گولہ بارود سے بھری گاڑی غور پولیس کے مرکز پر دھماکے سے اڑا دی۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 12 شہری ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
صحت کے شعبے کے ایک ذمے دار کا کہنا ہے کہ دھماکے کا شکار ہونے والوں میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل ہیں۔
ابھی تک کسی فریق نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے نزدیک واقع عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
گذشتہ ماہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان اور حکومت کے درمیان امن بات چیت کا آغاز ہوا تھا تاہم زمینی طور پر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ نہیں رکا۔