طالبان نے تین مختلف صوبوں میں حملہ کرکے بیس اہلکاروں کو ہلاک، دو کو زخمی جبکہ سات اہلکاروں کو زندہ گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے یخچال میں افغان آرمی کے بیس پر موٹر بم حملے کے نتیجے میں دس اہلکار مارے گئے ہیں جبکہ دو اہلکاروں کو زندہ گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
گرفتار ہونے والے اہلکاروں میں نوراللہ ولد خان آغا جو صوبہ کاپیسا کے ضلع دتگاپ ،جبکہ دوسرا اہلکار بختر گل ولد وزیر صوبہ پکتیا کے ضلع چمکنی کا رہائشی ہے۔
دوسری جانب صوبہ کندھار کے ضلع میوند میں گرگک کے علاقے میں فورسز کے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک دو زخمی جبکہ پانچ اہلکاروں کو زندہ گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
دریں اثناء صوبہ زابل کے ضلع شار صفا میں ابراہیم ماندہ کے علاقے میں طالبان کے حملے میں سات اہلکار مارے گئے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں تشدد کے واقعات میں ایسے موقع پر اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب قطر میں بین الافغانی مذاکرات کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔