ڈیرہ بگٹی: دوران زچگی خاتون نوزائیدہ بچے سمیت انتقال کرگئی

193

بلوچستان ضلع ڈیرہ بگٹی میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث ایک اور خاتون دوران زچگی نوزائیدہ بچے سمیت انتقال کرگئیں، گذشتہ تین ماہ کے دوران اس نوعیت کا یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں دوران زچگی خاتون اور ان کا نوزائیدہ انتقال کرگئے ہیں۔

 گذشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے محلہ کوہو سے تعلق رکھنے والی خاتون زوجہ شاہ مور مندوانی راہیجہ کو دوران زچگی زیادہ خون بہہ جانے کے باعث قریب ہی واقعے ایل ایچ وی لے جایا گیا، خاتون کی حالت تشویشناک ہونے پر متعلقہ ایل ایچ وی کی جانب سے علاج کرنے سے معذرت کرنے پر ورثاء خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے کر گئے جہاں گذشتہ کئی سالوں سے ایک بھی لیڈی میڈیکل آفیسر یا گائناکالوجسٹ موجود نہیں ہے۔

لواحقین کے مطابق ہسپتال میں موجود مرد ڈاکٹر نے چیک اپ کے بعد خاتون اور اس کے نوزائیدہ بچے کے موت کی تصدیق کردی۔

ذرائع کے مطابق پینتیس سالہ زوجہ شاہ مور بگٹی چار بچیوں کی ماں تھی، دوران زچگی پے در پے اموات پر شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

واضح رہے تین مہینے کے دوران یہ اپنی نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے جس میں دوران زچگی ماں اور ان کے نوزائیدہ بچوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا، شہریوں نے پورے ضلع اور بالخصوص ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر یا گائناکالوجسٹ کی عدم موجودگی کو متعلقہ محکمے اور منتخب نمائندگان کے کارکردگی پر سوالیہ نشان اور ان کی نااہلیت قرار دے دیا۔

بعد ازاں وفات پانے والی خاتون اور ان کے نوزائیدہ کو ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔