چاغی: آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ، 4 افراد ہلاک

564

خوفناک ٹریفک حادثہ پدگ کے مقام پر پیش آیا جبکہ زخمیوں میں گیارہ افراد شامل ہے۔

بلوچستان کے علاقے چاغی میں بس اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حادثے میں گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق ٹریفک حادثہ پدگ کے مقام پر پیش آیا جہاں تفتان سے کوئٹہ جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کیا گیا۔  ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مرنے والوں کا تعلق صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے جو غیر قانونی طور پر ایران جارہے تھے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے گاڑی ڈرائیور کا تعلق ڈسٹرکٹ مستونگ سے بتایا جاتا ہے جس کی شناخت عابد ولد منظور بنگلزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

بلوچستان میں مرکزی شاہراہوں پر اکثر اوقات حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ مقامی سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے اکثر اوقات کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ سمیت دیگر شاہراہوں کو ڈبل کرنے کے مطالبات کئے گئے ہیں۔

گذشتہ روز کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے مقام پر دو ٹریفک حادثات میں چار نوجوان ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوئیں۔

ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کا تعلق ایک خاندان سے تھا۔

حادثہ کے بعد مشتعل مظاہرین نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو مستونگ کے مقام پر ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کرکے حادثے کے ملزم کوچ ڈرائیور کو گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مرکزی شاہراہ پر لواحقین نے نعشوں کو رکھ کر احتجاج کیا جس سے 12 گھنٹوں تک کوئٹہ کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطہ ہوا، اس دوران سینکڑوں مسافر پھنس گئے۔

بعدازاں مظاہرین اور انتظامیہ میں مزاکرات کے بعد مرکزی شاہراہ کو کھول دیا گیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی نے احتجاجی مظاہرین سے ٹریفک کی بحالی کے لئے مزاکرات کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ یاسر اقبال بلوچ سمیت دیگر قبائلی عمائدین موجود تھے۔

مظاہرین اور مزاکراتی اراکین کے درمیان مزاکرات کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ 12 گھنٹے کی طویل بلاک کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہوچکا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق سنگل روڈ ہونے اور تیز رفتاری کے باعث کئی افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے عوامی مطالبات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔