فرینچ فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے اپنے اٹیکنگ اسٹار نیمار اور مارسیلی کلب کے دفاعی کھلاڑی الوارو گونزالیز کے درمیان نوک جھونک کی ویڈیو حکام کے حوالے کر دی ہے۔
گزشتہ ہفتے پی ایس جی اور مارسیلی کے درمیان کھیلے گئے ایک میچ میں نیمار نے مخالف ٹیم کے کھلاڑی الوارو پر نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ نیمار نے الوارو کے سر پر تھپڑ مارا تھا۔
فرینچ لیگ نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد نیمار پر دو میچز کی پابندی عائد کرتے ہوئے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب الوارو نے نسلی تعصب پر مبنی جملے کے کسنے کے الزام کی تردید کی تھی۔
برازیلین میڈیا کے مطابق پی ایس جی نے حکام کو ایک ویڈیو ارسال کی ہے جس میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کو دیکھا جا سکتا ہے اور ویڈیو سے متعلق ہونٹوں کو پڑھنے والے ماہرین کی رائے بھی شامل ہے جن کا کہنا ہے کہ الوارو نے نیمار کو نسلی تعصب کا نشانہ بنایا۔
کھیلوں سے متعلق برازیل کے ٹی وی پروگرام ‘گلوبو ایکسپورٹی’ کے مطابق کھیل کے دوران اس لمحے کی ویڈیو فرینچ لیگ آفیشل کو فراہم کر دی گئی ہے جس میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ نیمار نسلی تعصب کا نشانہ بنے ہیں۔
ٹی وی پروگرام کے دوران ہونٹ پڑھنے والے تین ماہرین کا کہنا تھا کہ الوارو نے نیمار کو فرینچ زبان میں ‘مونو’ کہا جس کا مطلب بندر کے ہے۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والے ہونٹ پڑھنے والے بعض ماہرین نے بھی مذکورہ ویڈیو کا تجزیہ کیا ہے جس کے بعد اُن کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں جن سے یہ ثابت ہو کہ الوارو نے نیمار کو نسلی امتیاز پر مبنی جملے کسے ہیں۔
دوسری جانب فرینچ لیگ کے حکام نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھونک کے تنازع کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔