مغربی بلوچستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پاسداران انقلاب کے تین اہلکار ہلاک

611

مغربی بلوچستان ایران کے جنوب مشرقی علاقے سیستان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں سپاہِ پاسداران انقلاب کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق مسلح حملہ آور ایک کار میں سوار تھے۔ انہوں نے نیک شہر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی باسیج ملیشیا کی دو کاروں پر منگل کی سہ پہر چار بجے کے قریب حملہ کیا۔

سپاہ پاسداران انقلاب نے اس حملے میں اپنے تین اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے جبکہ مسلح حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے۔

کالعدم مذہبی تنظیم جیش العدل سے تعلق رکھنے والے مسلح جنگجو ماضی میں ایرانی سکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کرچکے ہیں اور ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کو اغواء کرنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔

اسی علاقے میں فروری 2019ء میں ایک بس پر خودکش بم حملے میں پاسداران انقلاب کے 27 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔