مستونگ: شاہینہ شاہین کے قتل کیخلاف بی ایس او پجار کا احتجاج

110

بی ایس او (پجار) کے زیراہتمام اینکر پرسن اور آرٹس شہید شاہینہ شاہین کی قتل کے خلاف ساروان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے بی ایس او (پجار) کے زونل صدر ناصر بلوچ، مرکزی رہنماء بابل ملک بلوچ، نیشنل پارٹی کے ضلعی قائم مقام صدر حاجی نذیر احمد سرپرہ، تحصیل صدر نثار مشوانی، جنرل سیکرٹری نثار بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ شہید شاہینہ شاہین اپنی قلم کے ذریعے بلوچستان میں علم کے باب کو روشن رکھنے اور بلوچ معاشرے میں عورتوں کے بنیادی حقوق کے لیے جہدوجہد کرنے والی بلوچستان کے عظیم بیٹی تھی، شہید شاہینہ شاہین کا قتل بلوچستان میں عورتوں کو تعلیمی اور صحافتی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید شاہینہ شاہین کی آواز کو نادیدہ قوتوں نے ہمیشہ ہمیشہ کےلیے بند کرتے ہوئے یہ واضع پیغام دیا کہ بلوچ معاشرے میں عورتوں کو جینے کے حق سے محروم رکھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں روزانہ انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے، بلوچ خواتین کو روز بہ روز ظلم و بربریت کا نشان  بنایا جارہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سانحات سے بلوچستان میں مزید نفرتیں جنم لینگے، شہید شاہینہ شاہین کے قاتلوں کی عدم گرفتاری ریاستی اداروں کے کارگردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔