متحدہ عرب امارات کے فٹ بال کلب النصر نے اسرائیل کے کھلاڑی دیا سبا سے دو سالہ معاہدہ کرلیا جو چائنیز سپر لیگ کے کلب گوانگژو آر اینڈ ایف کی جانب کھیل رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں النصر پہلا عرب فٹ بال کلب بن گیا ہے جس نے اسرائیل کے فٹ بالر سے معاہدہ کرلیا ہو۔
خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق یو اے ای پرو لیگ کلب نے بیان میں کہا کہ ‘النصر نے کامیاب طبی جائزے کے بعد دیا سبا سے دو سیزن کے لیے تمام معاملات طے کر لیے ہیں’۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی نژاد دیا سبا اسرائیل میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے کیریئر کا آغاز بیتار نیس تبرک سے کیا جس کے بعد 2012 میں تل ابیب کے میکابی کلب میں شمولیت اختیار کی۔
اسرائیلی فٹ بالر نے بعد ازاں چین کے فٹ بال کلب گوانگزو آر اینڈ ایف سے معاہدہ کرلیا جبکہ اس سے قبل میکابی پیتا تیکوا، میکابی نیتانیا اور ہیپوئیل بیئر شیوا کی جانب سے کھیلتے رہے۔
انہوں نے چینی کلب کی جانب سے 36 میچ کھیلے اور 18 گول کیے جبکہ اسرائیل کی قومی ٹیم کی بین الاقوامی مقابلوں میں 10 میچوں میں نمائندگی کی۔
متحدہ عرب امارات کے کلب النصر میں کیپ ویردے، ریان مینڈیس، کورواکاؤ، برینڈلی کوواس اور پرتگال کے مڈفیلڈر توز بھی غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور اب دیا سبا بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
کورونا وائرس کے باعث ختم ہونے والے سیزن 20-2019 میں النصر چھٹے نمبر پر موجود تھا جبکہ نیا سیزن اگلے ماہ شروع ہوگا۔